مشرق وسطیٰ میں علاقائی کشیدگی کم کرنے کی مساعی

   

عمان : اردن میں مشرق وسطیٰ سربراہی اجلاس کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں علاقائی اور بین الاقوامی سیاسی کھلاڑی جمع ہیں تا کہ عراق سمیت علاقائی بحرانوں کا کوئی حل نکالا جا سکے۔ اس سربراہی اجلاس کے نتائج کیا نکلیں گے؟ اس سربراہی اجلاس کا نام ’’بغداد ٹو‘‘ رکھا گیا ہے اور اس میں نہ صرف فرانس بلکہ یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک ہیں۔ قبل ازیں ایسے ہی ایک سربراہی اجلاس کا انعقاد اگست 2021 میں عراقی دارالحکومت بغداد میں ہوا تھا، جس میں فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں کا اہم کردار تھا۔ عراق میں حال ہی میں ایک سال کے سیاسی تعطل کے بعد ایک کمزور سی حکومت تشکیل پائی ہے۔ فرانسیسی صدارتی دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ مردار کے ساحل پر منعقد ہونے والی اس سمٹ کا مقصد عراق میں استحکام کے ساتھ ساتھ وہاں سلامتی اور خوشحالی لانے کے لیے مدد فراہم کرنا ہے۔