مشفیق الرحیم ٹی 20 کرکٹ سے سبکدوش ہوگئے

   


ڈھاکہ ۔ بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر مشفق الرحیم نے کرکٹ کے طویل فارمیٹس ٹسٹ اور ونڈے پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے اتوار کو ٹی 20 انٹرنیشنل سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے ۔35 سالہ بنگلہ دیش کے سابق کپتان تاہم فرنچائزکرکٹ کھیلنا جاری رکھنا چاہتے ہیں۔مشفق نے اپنے ٹویٹر پر لکھا میں کھیل کے ٹسٹ اور ونڈے فارمیٹس پر توجہ دینے کے لیے ٹی20 انٹرنیشنلز سے سبکدوشی کا اعلان کرتا ہوں۔ دو فارمیٹس میں فخر کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کرنے کا منتظر ہوں۔ ایشیا کپ میں ٹیم کی مایوس کن مہم کے بعد مشفق کی سبکدوشی کا اعلان کیا گیا۔ ٹیم اس ٹورنمنٹ میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔خراب فارم میں رہنے والے مشفق نے گزشتہ 10 ٹی20 مقابلوں میں صرف تین بار دوہرے ہندسے میں اسکورکیا ہے۔ وہ ایشیا کپ میں دو میچوں میں صرف پانچ رنز بنا سکے۔دائیں ہاتھ کے بیٹر نے 102 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں بنگلہ دیش کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے اس عرصے کے دوران 115.03 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1500 رنز بنائے ہیں۔