مصری صدر یومِ جمہوریہ تقریب کے مہمانِ خصوصی

   

نئی دہلی :مصر کے صدر عبدالفتح السیسی 24 جنوری کو ہندوستان پہنچنے والے ہیں۔ وہ اس سال یومِ جمہوریہ تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ مصری صدر 24 سے 26 جنوری تک ہندوستانی دورہ پر رہیں گے دراصل ہند۔مصر کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال 2022 میں مکمل ہوئے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ عبدالفتح کے دورۂ ہند کو بے حد خاص مانا جا رہا ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ عبدالفتح السیسی مصر کے صدر بننے کے بعد تیسری مرتبہ ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔مصری صدر 25 جنوری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ میٹنگ کر سکتے ہیں اور اس دوران سائبر سیکورٹی و آئی ٹی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے دونوں فریقین کے معاہدوں پر دستخط کرنے کی امید ہے۔ اسی دن السیسی کا رسمی طور پر استقبال بھی کیا جائے گا۔ اس دوران وہ مصر میں مزید ہندوستانی سرمایہ کاری کا راستہ ہموار کرنے کے لیے کاروباری طبقہ کے ساتھ بات چیت کریں گے۔