مصر۔ اسرائیل مذاکرات فلسطینیوں کیلئے امید کی کرن

   

قاہرہ : مصر اور اسرائیل کے رہنماؤں کے درمیان پیر کو تاریخی نئی بات چیت کے بعد فلسطینی امن عمل میں پیش رفت کی امیدیں بڑھ گئیں۔عرب نیوز کے مطابق مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے بحیرہ احمر کے ریزورٹ شرم الشیخ میں ملاقات کی جس میں فلسطین اسرائیل تعلقات پر توجہ دی گئی۔یہ 10 سالوں میں کسی بھی اسرائیلی وزیراعظم کا یہ پہلا مصر کا دورہ ہے۔صدارتی ترجمان بسام راضی کے مطابق صدر الفتاح السیسی مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں اسرائیلی وزیراعظم کی میزبانی کر رہے ہیں جہاں دونوں رہنما اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن عمل کی بحالی کے لیے کوششوں پر بھی بات چیت کریں گے۔صدارتی ترجمان بسام راضی کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان امن عمل کو بحال کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل کے مطابق الفتاح السیسی نے مشرق وسطیٰ میں جامع امن کے حصول کی تمام کوششوں کے لیے مصر کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں سفارت کاری، سکیورٹی اور معیشت کا بھی احاطہ کیا گیا۔