مصر میں پولیس اہلکار کی فائرنگ ‘ 2 اسرائیلی سیاح ہلاک

   

قاہرہ: مصر کے شہر اسکندریہ میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے 2 اسرائیلی سیاح ہلاک ہوگئے۔ مصر کے وزیر داخلہ کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 2 اسرائیلی سیاحوں سمیت ایک مصری شہری بھی جاں بحق ہوا جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے فوری ایکشن لیتے ہوئے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا گیا اور حادثہ کے مقام پر ایمبولینسز بھی پہنچ گئیں اور مرنے والوں اور زخمی افراد کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی سیاحوں پر فائرنگ کرنے والے مصری پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور یہ حملہ اسرائیل میں فلسطین پر کیے جانے والی بمباری کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق مصر اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات اچھے ہیں اور مصر نے طویل عرصے سے اسرائیل۔ فلسطین تنازعہ میں ثالث کے طور پر کام کیا ہے لیکن اس کے باوجود اسرائیل مخالف جذبات ملک میں بہت زیادہ ہیں۔واضح رہے کہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 5000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی ہے۔ادھر امریکہ نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے حملوں کے خلاف اسرائیل کی حمایت اور دفاعی ضروریات پوری کرنے کا اعلان کر دیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسرائیل پرحماس کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی میں اضافہ روکنے کیلئے تمام سفارتی کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔