مصیبتوں میں کام آنا اِنسانیت کا اولین فریضہ

   


ظہیرآباد میں محکمہ پولیس کے خون کے عطیہ کیمپ سے ڈی ایس پی مسٹ رگھو کا خطاب
ظہیرآباد۔ 25؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ محکمہ پولیس کی جانب سے 21 اکٹوبر کو یوم شہیدان کی مناسبت سے ظہیرآباد میں واقع واسوی کلیانا منڈپم میں ظہیرآباد پولیس کی جانب سے بلڈ کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر 73 افراد نے اپنے خون کا عطیہ دیا جس میں ٹی بھوپتی سرکل انسپکٹر ظہیرآباد ٹاؤن اور بھرت سرکل انسپکٹر رورل نے بھی اپنے خون کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر رگھو ڈی ایس پی ظہیرآباد نے بتایا کہ انسانیت کا اولین فریضہ ہے کہ کسی مصیبت زدہ کے کام آئیں۔ جب کسی کے یہاں کوئی حادثہ ہوجاتا ہے، جب ڈاکٹر بولے کہ خون کی ضرورت ہے، ایسے وقت میں متاثرہ لوگوں کے دلوں پر کیا گزرتا ہے، اس بات کو محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لئے نوجوانوں اور صحت مند لوگوں کو چاہئے کہ سال میں ایک مرتبہ اپنے خون کا عطیہ دیں۔ اس کے علاوہ طبی اعتبار سے بھی خون دینے والوں کو بہت زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔ سب سے پہلے دِل کا دورہ پڑنے کے اور فالج، لقوہ، کینسر جیسی خطرناک بیماریوں سے بچنے کے قوی امکانات ہیں اور جسم کے اندر نیا خون پیدا ہوجاتا ہے۔ آپ کے دیئے گئے خون سے کسی کی جان بچ جاتی ہو تو متاثرہ شخص اور اس کے افراد خاندان کے چہرے پر جو خوشی ہوتی ہے، قابل دید ہوتی ہے۔ اس کے بعد آپ کے اندر جو احساس ہوتا ہے، اندازہ نہیں کیا جاسکتا۔ اس موقع پر کے سری کانت ٹاؤن سب انسپکٹر، سریش سب انسپکٹر رورل سب انسپکٹر کے علاوہ ظہیرآباد ڈیویژن کے پولیس عہدیدار موجود تھے۔