معروف بریلوی عالم توقیر رضا خان نے گیان واپی مسئلہ پر وزیر اعظم مودی کو لکھا خط

   

بریلی: اتحاد ملت کونسل نامی تنظیم کے سربراہ اور بریلی کی مشہور درگاہ اعلیٰ حضرت سے تعلق رکھنے والے مشہور بریلوی عالم مولانا توقیر رضا خان نے گیان واپی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو مستردکیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دن جیل بھرو آندولن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک گیر تحریک ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 29 اور 30مئی کو دہلی میں مسلم تنظیموں کی میٹنگ ہونے والی ہے، اس میٹنگ میں جیل بھرو تحریک کا خاکہ طے کیا جائے گا۔ مولانا نے مزید کہا کہ گیان واپی، متھرا شاہی مسجد کے علاوہ اذان اور ہنومان چالیسہ جیسے معاملات سنگین تشویش کا باعث ہیں۔ بابری مسجد کیس کے بعد عدالت اپنا وقار کھو چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے مسلم تنظیموں کے مشترکہ خط کے ذریعہ وزیر اعظم نریندر مودی کو الٹی میٹم دیا ہے۔ ایک ہفتے بعد اس معاملے پر ملاقات کریں گے اور آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے۔مولانا توقیر رضا نے بتایا یہ لوگ (فسطائی طاقتیں تاج محل اور لال قلعہ پر بھی ترشول برآمد کرلیں گے، یہ سلسلہ کبھی نہیں رکے گا۔ ہمیں ملک کے امن و سکون کی فکر ہے۔ ہم گیانواپی کیس میں عدالت پر اعتماد کو صرف بابری مسجد کے غیر منصفانہ فیصلے کی روشنی میں دیکھ رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ گیان واپی کے فیصلے کے بعد کوئی دوبارہ راجیہ سبھا کا رکن بن جائے۔