نئی دہلی: چوری کے الزام میں ایک معصوم بچے کو کھمبے سے باندھ کر بے لباس کردیا گیا اور اس کی پٹائی کی گئی۔ یہ افسوسناک واقعہ فیروز آباد میں پیر کو پیش آیا جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے ۔ لوگ معصوم کے ساتھ اس طرح کی شر مناک حرکت کرنے والوں کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ الزام ہیکہ 12 سالہ بچے نے ٹی اسٹال سے پیسے چرا لیے تھے بعض لوگوں نے اس لڑکے کو پکڑ لیا اس کے کپڑے اتار کر اسے کھمبے سے باندھ کر لاٹھیوں اور چپلوں سے اس کی پٹائی کی گئی۔ اس حملے میں لڑکا شدید طور پر زخمی ہو گیا اطلاع ملتے ہی پولیس نے وہاں پہنچ کر لڑکے کو بچا لیا اور اسے علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں تین افراد کے خلاف کیس درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔