معین آباد کے متاثرہ خاندان کو کانگریس کی جانب سے قانونی امداد

   

فیروز خاں کی متاثرہ خاندان سے ملاقات، فاسٹ ٹریک کورٹ کے قیام کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ معین آباد میں کمسن لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے متاثرہ خاندان کو کانگریس پارٹی نے قانونی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور نامپلی انچارج محمد فیروز خاں نے متاثرہ لڑکی کے خاندان سے ملاقات کی اور اظہار ہمدردی کیا۔ لڑکی کے والدین کے علاوہ انہوں نے بہن اور بھائی کو پرسہ دیا اور پارٹی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ خاطی کو سزاء دلانے کیلئے کانگریس کی جانب سے نامور وکیل کا انتظام کیا جائے گا تاکہ مقدمہ میں موثر پیروی ہو۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیروز خاں نے مقدمہ کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے فاسٹ ٹریفک کورٹ قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ ٹریک کورٹ کے ذریعہ اندرون چھ ماہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاطی کو عبرتناک سزا دی جانی چاہیئے تاکہ کوئی دوبارہ ایسی حرکت کی جرأت نہ کرسکے۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندان کو 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا، ڈبل بیڈ روم مکان اور ایک فرد خاندان کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ فیروز خاں نے کہا کہ جب کبھی متاثرہ خاندان کا بیان عدالت میں ریکارڈ ہوگا وہ ساتھ میں موجود رہیں گے تاکہ کوئی ان پر دباؤ نہ بناسکے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ مظلوموں کی تائید میں رہی ہے اور محض انسانی جذبہ کے تحت وہ خاندان سے ملاقات کررہے ہیں۔ انہوں نے اس غریب خاندان کی شخصی اور کانگریس پارٹی کی جانب سے ممکنہ مدد کا بھی تیقن دیا۔