مغربی اترپردیش میں پہلے مرحلہ کی مہم کا اختتام

   

لکھنو 9 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی اترپردیش کے آٹھ لوک سبھا حلقوں کیلئے انتخابی مہم کا آج اختتام عمل میں آیا ۔ ان نشستوںپر بی جے پی 2014 کے نتائج کو دہرانے کوشاں ہے تاہم ایسا اس کیلئے انتہائی مشکل ہوگیا ہے کیونکہ یہاں ایس پی ۔ بی ایس پی ۔ آر ایل ڈی کے اتحاد نے بی جے پی کو مشکلات کا شکار کردیا ہے ۔2014 کے انتخابات میں بی جے پی نے ان تمام آٹھ نشستوں سہارنپور ‘ کیرانہ ‘ مظفر نگر ‘ بجنور ‘ میرٹھ ‘ باغپت ‘اونا ‘ غازی آباد اور گوتم بدھ نگر سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ ان نشستوں پر 11 اپریل کو پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ گذشتہ سال ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کو بڑی مایوسی ہاتھ آئی تھی کیونکہ اسے کیرانہ لوک سبھا حلقہ میں ایک مشترکہ اپوزیشن امیدوار کے مقابلہ میں شکست ہوگئی تھی جس کے بعد ریاست میں اپوزیشن جماعتوں نے اتحاد کرلیا ہے ۔ مغربی یو پی میں آر ایل ڈی با اثر ہے اور وہ ایس پی ۔ بی ایس پی کے ساتھ اتحاد میں مقابلہ کر رہی ہے ۔ مظفر نگر میں آر ایل ڈی سربراہ اجیت سنگھ کا مقابلہ سنجیو بالیان سے ہوگا جو موجودہ ایم پی ہیں۔