مغربی بنگال میں سرکاری ملازمین کے غیر ملکی سفر کیلئے سخت ہدایات

   

کلکتہ، 12 اکتوبر (یو این آئی) مغربی بنگال حکومت نے اپنے سرکاری ملازمین کی غیر ملکی سفر سے متعلق سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ چیف سکریٹری منوج پنت کی جانب سے جاری تازہ ہدایت نامہ میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی افسر کو مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر کسی بھی نوعیت کے غیر ملکی سفر پر جانے یا اس سے متعلق تیاری کی اجازت نہیں ہوگی۔ ریاستی سکریٹریٹ کی طرف سے حال ہی میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق، حکومت نے یہ مشاہدہ کیا کہ مختلف محکموں کے کچھ افسران ضروری انتظامی منظوری حاصل کیے بغیر ہی سفر سے متعلق بکنگ، جیسے ہوائی ٹکٹ اور ہوٹل ریزرویشن، کر رہے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں طریقۂ کار کے اصولوں اور انتظامی نظم و ضبط کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
حکومت نے مزید وضاحت کی ہے کہ ایسے اقدامات قائم شدہ سرکاری ضوابط اور عمل درآمدی پروٹوکول کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ نوٹیفکیشن میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ صرف اس بنیاد پر کوئی رعایت یا پوسٹ فیکٹو منظوری نہیں دی جائے گی کہ اجازت ملنے کی توقع میں پہلے سے بکنگ یا سفر کی تیاری کر لی گئی تھی۔