مقدس تہوار پرامن ماحول میں منایا جائے

   

عوام کے تمام طبقات میں اتحاد ، یگانگت ضروری : ضلع کلکٹر و ایس پی

میدک۔ 13 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بقرعید کا مقدس تہوار خوشیوں اور پْرامن ماحول میں منایا جائے۔ منگل کے روز کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ بقرعید” بھائی چارہ”، محبت اور باہمی احترام کو فروغ دینے والا عظیم تہوار ہے، لہٰذا تمام طبقات کے عوام اتحاد و یگانگت کے ساتھ اس تہوار کو منائیں۔ انہوں نے کہا کہ بقرعید قربانی اور خدمتِ خلق کی علامت ہے، اس موقع پر غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ضلع ایس پی سرینواس راؤ نے کہا کہ بقرعید کے موقع پر مساجد، عیدگاہوں اور عوامی مقامات پر خصوصی حفاظتی انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے پولیس کی جانب سے سخت سیکوریٹی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ پولیس محکمہ سے تعاون کرتے ہوئے تہوار کو کامیاب بنائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ناگیش، ایڈیشنل ایس پی وکرانت کمار سنگھ، آر ڈی او رما دیوی، ضلع پنچایت آفیسر یادیا، ضلع ٹرانسپورٹ آفیسر وینکٹ سوامی، میونسپل کمشنرس، محکمہ حیوانات کے عہدیداران، ڈی ایس پیز، سی آئیز اور دیگر متعلقہ عہدیداران شریک تھے۔