مقدمہ خارج کرانے کیلئے عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

   

اسلام آباد : پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رْجوع کر لیا ہے۔تحریکِ انصاف کے سربراہ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اْن کے خلاف مقدمے کو غیر قانونی قرار دے کر خارج کیا جائے۔خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف ریاست کی مدعیت میں انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اسلام آباد میں ریلی کے دوران اسلام آباد پولیس کے حکام اور خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیں۔مقدمے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے سرکاری افسران کو کام سے روکنے اور اْنہیں دھمکیاں دے کر دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی۔پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقاریر براہِ راست ٹی وی چینلز پر نشر کرنے پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی پابندی حکم نامہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل کر دیا ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کی تقاریر نشر کرنے پر پیمرا کی پابندی کیخلاف درخواست دائر کی گئی تھی۔ پیر کو اس درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی جب کہ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔