ملائشیا کے سابق صدر مہاتیر محمد کو انسداد بدعنوانی تحقیقات کا سامنا

   

کوالالمپور: ملائشیائی حکام نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کے دو بیٹوں کے خلاف بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں۔ملائشیا کے انسداد بدعنوانی کمیشن (ایم اے سی سی) کے چیف کمشنر اعظم باقی نے بتایا کہ بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں تقریبا ً100سالہ سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے جنوری میں مہاتیر محمد کے سب سے بڑے بیٹے مرجان مہاتیر کو ملک اور بیرون ملک اپنے تمام اثاثوں کا اعلان کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ یہ حکم پنامہ پیپرز کے انکشافات کے بعد دیا گیا تھا۔چیف کمشنر اعظم باقی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ مہاتیر محمد کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا، ’’میں اس بات کی تصدیق کرنا چاہوں گا کہ مہاتیر بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جن کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ یہ تحقیقات ان کے دو بیٹوں مرجان اور مخزنی کی تحقیقات کے بعد ہورہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دو بیٹوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کا اعلان کریں۔ اٹھانوے سالہ مہاتیر محمد کو موجودہ وزیر اعظم انور ابراہیم کا ناقد سمجھا جاتا ہے، جو 2022 میں اونچے درجے کی بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے وعدے پر اقتدار میں آئے تھے۔