بی آر ایس آفس کی تیاریوں کا معائنہ کیا ، ہفتہ تک دہلی میں قیام کریں گے
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر کے سی آر ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کے بعد دہلی روانہ ہوگئے جہاں وہ ہفتہ تک قیام کرنے کا امکان ہے ۔ دہلی میں بی آر ایس آفس کی تیاریوں کا انہوں نے معائنہ کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر آج صبح خصوصی طیارے کے ذریعہ اترپردیش پہونچے ان کے ہمراہ ریاستی وزیر سرینواس یادو ، کے کویتا ، رکن راجیہ سبھا سنتوش اور دوسرے موجود تھے ۔ انہوں نے اترپردیش میں ملائم سنگھ یادو کے فرزند سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں پرسہ دیا اور ملائم سنگھ یادو کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس کے بعد دہلی پہونچ گئے ۔ دہلی کے سردار پٹیل مارگ پر قائم ہونے والے بی آر ایس آفس پہونچ کر تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ اور عملہ کو تبدیلیوں کے لیے چند تجاویز پیش کئے ۔ واضح رہے کہ دہلی میں بی آر ایس پارٹی آفس کے لیے جودھپور قبیلہ کا بنگلہ بی آر ایس آفس کے قیام کے لیے لیز پر لیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر ٹی آر ایس کو قومی پارٹی بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد پہلی مرتبہ دہلی پہونچے ہیں اور امکان ہے کہ وہ ہفتہ تک دہلی میں قیام کریں گے ۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ ماہرین معاشیات اور صحافیوں سے بھی ملاقات کرنے کا امکان ہے ۔ اس معاملے میں ٹی آر ایس کے قائدین مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطہ میں ہیں اور ان کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کا شیڈول تیار کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کا اعلان کرنے کے بعد ملک کے مختلف ریاستوں سے مثبت ردعمل حاصل ہوا ہے ۔ چند پارٹیوں کے قائدین نے حیدرآباد پہونچکر چیف منسٹر کے سی آر کی حمایت کی ہے ۔ چند قائدین ، کسان تنظیموں کے قائدین کے علاوہ کے سی آر اور سماجی جہدکاروں سے بھی ملاقات کرتے ہوئے اپنے تیار کردہ ایجنڈے کو ان کے سامنے رکھتے ہوئے ان کی تائید حاصل کرنے کی تیاری کررہے ہیں ۔۔ ن