ملتانی مٹی کے فائدے

   

ملتانی مٹی کے بہت سے فائدے ہیں۔ اس کو چہرے پرلگانے سے آپ کی جلد صاف رہتی ہے یہ مٹی جلد سے داغ دھبے اور مہاسے صاف کردیتی ہے۔اسے لگانے سے آپ کاچہرہ صاف ستھرا، چمک دار ہوجاتاہے۔اگر آپ کی جلد چکنی ہے توملتانی مٹی کاماسک بناتے وقت اس میں گلاب کاعرق بھی ملالیں۔اس کے علاوہ اس میں دودھ، بادام کاتیل یاشہدملانے سے بھی چہرے پر اچھے اثرات پڑتے ہیں۔ اس کے برعکس اگر آپ کی جلد خشک ہے تو ماسک بناتے وقت اس میں ناریل یازیتون کاتیل ملانا ضروری ہے۔ ہرقسم کی جلد کیلئے لیموں کارس بھی مفید ہے۔ یہ قدرتی طور پر جلد کوصاف کرتاہے اور دافع عفونت (اینٹی سیپٹک) ہے۔ملتانی مٹی کوچہرے کی جلد صاف کرنے کے علاوہ سرکے بال صاف کرنے کیلئے بھی استعمال کیاجاسکتا ہے۔مگر اسے شیمپو کی حیثیت سے استعمال کرنامناسب نہیں ہے۔ اگر آپ کے سرکے بالوں میں چکنا ہٹ زیادہ آجاتی ہے تو ملتانی مٹی کاگلاب کے عرق میں گھول لیجیے۔ پھر اس میں تھوڑا سالیموں کاعرق ملائیے۔ پندرہ منٹ تک اس لگدی میں چمچہ چلاتے رہئے۔ اپنی کسی دوست کی مدد سے اسے بالوں میں لگائیے اور مسلسل کنگھا کرتی رہئے۔ کنگھے کے دانے موٹے ہونے چاہیں۔ملتانی مٹی لگانے کے بعد بالوں کوپندرہ منٹ تک خشک ہونے دیں۔ اس کے بعد اپنے بال نیم گرم پانی سے دھوڈالیں۔ کوشش کیجئے کہ مٹی آپ کی آنکھوں میں نہ جائے۔ بال دھوتے وقت مسلسل کنگھا کرتی رہیں، تاکہ بالوں سے ساری مٹی نکل جائے۔اگر آپ کے بال خشک ہیں توملتانی مٹی لگانے سے پہلے بالوں میں دس پندرہ منٹ کیلئے ناریل یازیتون کاتیل لگالیں۔ ماسک بنانے کے علاوہ ملتانی مٹی کودافع عفونت کے طور پر زخموں پربھی لگایاجاسکتاہے۔ مٹی کوپانی میں گھول کرلگدی بنالیں اورزخم پرلگادیں۔ یہ عمل چند دنوں تک کریں۔ زخم مندمل ہوجائے گا، بہتر ہوگا کہ اس ضمن میں اپنے معالج سے بھی مشورہ کرلیجیے۔