ملٹی لیول مارکٹنگ اسکیم کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے والے دو افراد گرفتار

   

سی سی ایس پولیس کی دہلی میں کارروائی، ملزمین کی حیدرآباد منتقلی، سی وی آنند کی پریس کانفرنس

حیدرآباد : /7 جولائی (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے ملٹی لیول مارکٹنگ اسکیم کے ذریعہ عوام کو دھوکہ دینے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند نے اس سلسلہ میں کہا کہ ریاض الدین عرف ریاض احمد جو پرفیکٹ ہربل کیر پرائیویٹ لمیٹیڈ واقع نئی دہلی کا ڈائرکٹر ہے اپنے دیگر ساتھیوں شکیلا اور پوجاکماری کے ہمراہ پرفیکٹ بازار کے نام پر ایک اسکیم چلاتے ہوئے مختلف ریاستوں میں اپنی اشیاء کو فروخت کرنے کے بہانے اسکیمات چلارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمین نے 3 اسکیم متعارف کئے تھے جس کے تحت آئی ڈی اسکیم میں 9999کی سرمایہ کاری پر 880 روپئے منافع جبکہ پرفیکٹ ہربل اسٹور کی اسکیم میں 6 لاکھ روپئے کی سرمایہ کاری پر ہر ماہ 30 ہزار روپئے 30 مہینوں تک دینے کا اعلان کیا تھا ۔ ایک اور اسکیم پرفیکٹ بازار میں 25 لاکھ روپئے کی سرمایہ کاری پر 36 مہینوں کیلئے ایک لاکھ روپئے ہر ماہ دیئے جائیں گے ۔ یہ اسکیم چلانے کیلئے ریاض احمد نے کئی افراد کو نشانہ بنایا اور عوام الناس سے 200 کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کی تھی ۔ سی سی ایس پولیس نے ریاض احمد اور پوجا کماری کو دہلی میں گرفتار کرتے ہوئے انہیں ٹرانزٹ وارنٹ پر حیدرآباد منتقل کیا اور یہاں کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ مذکورہ ملزمین کے خلاف حیدرآباد کے علاوہ دہلی ، اترپردیش کے میرٹھ اور کرناٹک کے گلبرگہ علاقوں میں بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ سی سی ایس پولیس نے ایک اور ملٹی لیول مارکٹنگ کے نام پر دھوکہ دہی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے اترپردیش غازی آباد سے تعلق رکھنے والے ایک دھوکہ باز بابی چودھری عرف اعجاز احمد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ گرفتار ملزم میزون ای مارٹ کے نام پر اسکیمات چلارہا تھا اور اس میں سرمایہ کاری پر بھاری منافع کا وعدہ کرتے ہوئے حیدرآباد ، غازی آباد ، میرٹھ ، مظفر پور ، جئے پور اور دہرادون میں مختلف افراد سے 12 کروڑ روپئے حاصل کرلئے تھے ۔ سی سی ایس پولیس کی ٹیم نے بابی چودھری کو اترپردیش سے گرفتار کرکے اسے حیدرآباد منتقل کیا ۔