ملکاجگری میں 150 دلت خاندان اراضی سے محروم، ہنمنت رائو کا دورہ

,

   

حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت رائو نے آج میڑچل ملکاجگری ضلع کے کیسرا منڈل کا دورہ کرتے ہوئے دلت خاندانوں کو اراضی سے مرحوم کرنے کے خلاف کلکٹر سے نمائندگی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریونیو عہدیداروں نے دلتوں اور کسانوں کی زمینوں کے ریکارڈ میں تحریف کرتے ہوئے ریئل اسٹیٹ اور دیگر افراد کو اراضی الاٹ کردی ہے۔ حالیہ عرصہ میں ایم آر او ناگراجو کو اینٹی کرپشن بیورو میں بھاری رقم کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ ناگراجو نے ایک رکن پارلیمنٹ سے سے ملی بھگت کے ذریعہ کسانوں اور دلتوں کی اراضیات کو دوسروں کے نام الاٹ کردیا۔ انہوں نے اس معاملے کی اعلی سطحی تحقیقات اور اسکام میں ملوث سیاستدانوں کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کیا انہوں نے کہا کہ ایس سی مادیگا طبقے سے تعلق رکھنے والے 150 خاندانوں کو سروے نمبرات 173, 174, 175, 176, 179 اور 213 میں 94 ایکر اراضی 1981ء میں 38 پٹے جات کے ساتھ الاٹ کی گئی تھی۔ 2003ء میں ریونیو حکام نے کسی نوٹس کے بغیر یہ اراضی حاصل کرلی۔ اس سلسلہ میں ہائی کورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا لیکن ریونیو عہدیدار ہائی کورٹ کے احکامات کو فراموش کررہے ہیں۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق اراضی دوبارہ دلت خاندانوں کو الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایم آر او ناگراجو کی جانب سے جاری کئے گئے پٹہ پاس بکس کو فوری منسوخ کرتے ہوئے دلتوں کے ساتھ انصاف کیا جانا چاہئے۔ ہنمنت رائو نے موضع میں دلت خاندانوں سے ملاقات کی اور تیقن دیا کہ کانگریس پارٹی ان کے ساتھ ہے اور اراضی کی بحالی کے لیے جدوجہد کرے گی۔