ملک بھر میں کورونا وائرس سے فوت افراد کی تعداد 94ہوگئی

,

   

مختلف ریاستوں میں مجموعی طور پر 3,250 مریضوں کی توثیق ، 22 ہزار زیرِقرنطینہ ،مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ 19 اموات،

نئی دہلی۔ 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں خوفناک وباء کورونا وائرس سے فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد ہفتہ کو 100 کے قریب پہنچ گئی جبکہ متاثرین کی تعداد میں بھاری اضافہ ہوا ہے لیکن حکومت نے یقین دلایا ہے کہ اس میں خوف و سنسنی کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ وباء پھیلنے کی شرح دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت کم ہے، وہ بھی محض ’ایک ہی مقام ‘ سے تقریباً 30% مریضوں کی شناخت ہوئی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ قومی دارالحکومت گزشتہ ماہ منعقدہ تبلیغی جماعت کے اجتماع سے مربوط کم سے کم 1,023 کیسیس کی توثیق ہوئی ہے، لیکن مختلف شعبوں کے حکام کی مساعی کے طور پر تقریباً 22,000 افراد جو اس اجتماع سے راست یا بالواسطہ طور پر رابطے میں آئے تھے ، انہیں قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے۔مرکزی وزارت صحت میں جوائنٹ سیکریٹری لو اگروال نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے اجتماع سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول ٹاملناڈو، دہلی، آندھرا پردیش اور اترپردیش ، ملک کی 17 ریاستوں میں متاثر پائے گئے ہیں جس سے ظاہر ہوگیا ہے کہ کم و بیش 30 فیصد افراد محض ایک مقام پر ہی متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی نے مختلف ریاستوں سے دستیاب اعداد کی بنیاد پر خبر دی ہے کہ ہفتہ کی دوپہر تک ملک بھر میں 94 افراد فوت ہوئے ہیںاور متاثرین کی تعداد 3,250 کو عبور کرچکی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران متاثرین کی تعداد میں 601 کا اضافہ ہوا ہے۔ جن میں 58 کی حالت تشویشناک ہے۔ قبل ازیں مرکزی وزارت صحت نے ان اعداد کا انکشاف کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ کووڈ۔ 19 سے 2,650 افراد زیرعلاج ہیں۔ جبکہ دیگر 183 افراد علاج کے بعد ڈسچارج کردیئے گئے یا پھر اپنے متعلقہ ملکوں کو واپس ہوچکے ہیں۔ وزارت صحت نے ہفتہ کی صبح کورونا وائرس سے ہونے والی تازہ ترین اموات کے اعداد جمع کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا میں 3، دہلی میں 2 اور گجرات میں ایک شخص فوت ہوا ہے۔ اس طرح مہاراشٹرا میں تاحال 19، گجرات میں 9، تلنگانہ میں 7، مدھیہ پردیش میں 6، دہلی میں 6، پنجاب میں 5، کرناٹک میں 3، مغربی بنگال میں 3، جموں و کشمیر میں 2، اترپردیش میں 2 اور کیرلا میں 2 افراد فوت ہوئے۔ آندھرا پردیش، ٹاملناڈو، بہار اور ہماچل پردیش سے فی کس ایک موت کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کے مثبت 2,902 مریضوں میں 55 بیرونی شہری ہیں۔ اس وباء سے مہاراشٹرا بری طرح متاثر ہوا ہے جہاں دیگر ریاستوں کے مقابلے سب سے زیادہ 537 افراد متاثر ہوئے ہیں

اور ٹاملناڈو دوسرے مقام پر ہے جہاں 411 متاثرین کی توثیق ہوچکی ہے۔ دہلی میں متاثرین کی تعداد 386، کیرلا میں 295، راجستھان میں 179 اور اترپردیش میں 174 کیسیس کی توثیق ہوئی ہے۔ آندھرا پردیش میں جہاں گزشتہ دو تین روز قبل 8 افراد متاثر ہوئے تھے لیکن اب وہاں متاثرین کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھتے ہوئے 161 ہوگئی ہے۔ تلنگانہ میں تاحال 158 متاثرہ مریض پائے گئے ہیں۔ کرناٹک میں متاثرین کی تعداد 128، گجرات میں 95، جموں و کشمیر میں 75 ہوگئی ہے۔ اس طرح پنجاب میں 53، ہریانہ میں 49 اور مغربی بنگال میں 63 افراد کے کورونا وائرس معائنے مثبت پائے گئے ہیں۔ بہار میں 29، آسام میں 24، چندی گڑھ میں 18، اتراکھنڈ میں 16 اور لداخ میں 14 کیسیس کا پتہ چلا ہے۔ 10 نئے کیسیس انڈومان نکوبار جزائر میں پائے گئے۔ چھتیس گڑھ میں 9 مثبت مریضوں کا پتہ چلا ہے۔ گوا اور ہماچل پردیش میں فی کس 6 مریض ہیں۔ اڈیشہ اور پڈوچری میں 5، 5 مریض مثبت پائے گئے ہیں۔ جھارکھنڈ اور منی پور میں فی کس 2، اروناچل پردیش اور میزورم میں فی کس ایک مریض پایا گیا ہے۔