ملک سے نفرت اور فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے بھارت جوڑو یاترا : راہول گاندھی

   


تعلیم یافتہ نوجوان لیبر بننے پر مجبور، کانگریس برسر اقتدار آنے پردھرانی پر نظرِ ثانی، شاد نگر میں راہول گاندھی کا خطاب

حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے نفرت کے ایجنڈہ کے خلاف جدوجہد اور ملک کو جمہوری اُصولوں سے وابستہ کرنے کیلئے بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا گیا ہے۔ شاد نگر میں پانچویں دن کی یاترا کے اختتام کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ یاترا کی غیر معمولی کامیابی کو دیکھ رہا ہوں اور عوام کی جانب سے محبت اور خلوص کا غیر معمولی اظہار کیا جارہا ہے۔ یاترا میں شریک افراد کے جذبہ کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اگر کوئی شخص یاترا میں گرپڑتا ہے تو دوسرے اسے اٹھاکر ساتھ لے چلتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی ایک دن یاترا میں گر پڑے اور کئی لوگوں نے انہیں اٹھالیا۔ یاترا کا مقصد سماج کے تمام طبقات کے مسائل کی سماعت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس جمہوری پارٹیاں نہیں ہیں اور وہ عوام کی آواز کو نہیں سنتیں، یہ پارٹیاں موافق امیر اور مخالف غریب ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا ہندوستان کی مجموعی ترقی کیلئے عوام کی رائے حاصل کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ میری یاترا کو کوئی روک نہیں پائے گا اور یہ کامیابی کے ساتھ کشمیر پہنچے گی۔ میں نے یاترا کے دوران کسانوں، نوجوانوں اور چھوٹے صنعت کاروں سے ملاقات کی۔ میں نے نوجوانوں کے مسائل کی سماعت کی اور پتہ چلا کہ ٹی آر ایس حکومت تعلیمی اداروں کو خانگیانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ نوجوان جو انجینئر بن چکے ہیں وہ ڈیلیوری بوائز اور لیبر کا کام انجام دے رہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت میں طلبہ کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ کو روک دیا گیا جس کے نتیجہ میں نوجوان نہ صرف تعلیم سے محروم ہیں بلکہ بے روزگار ہورہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر ہینڈلوم کو جی ایس ٹی سے مستثنیٰ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن ان کی حکومت صنعت کاروں اور دولت مندوں کی بھلائی کیلئے کام کررہی ہے۔ جی ایس ٹی اور نوٹ بندی نے ملک میں معاشی بحران پیدا کردیا ہے ۔ عوام کے درمیان پھوٹ اور نفرت پیدا کرتے ہوئے سماج کو تقسیم کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی جو موافق کسان اور موافق چھوٹے صنعت کار رہے گی۔ کانگریس حکومت تعلیم پر توجہ دے گی اور نوجوانوں کے مستقبل کو تابناک بنایا جائے گا۔ کے سی آر اور نریندر مودی کو روزگار کی فراہمی کے بارے میں اظہار خیال کی ہمت نہیں ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آنے پر دھرانا پورٹل پر نظرِ ثانی کی جائے گی اور کسانوں کو اراضی کے حقوق فراہم کئے جائیں گے۔ نوجوانوں کو بینکوں سے قرض فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری پر وضاحت کریں۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی کو ایک سکہ کے دو رُخ قرار دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا میں بی جے پی کی جانب سے پیش کردہ تمام قوانین کی ٹی آر ایس نے تائید کی تھی جن میں مخالف کسان قانون بھی شامل ہے۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی عوام کے بجائے صنعت کاروں کے مفادات کیلئے کام کررہے ہیں۔ تمام بڑے پراجکٹس اپنے قریبی افراد اور دوستوں کو منظور کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں صحت اور تعلیم کے شعبہ جات کو نظرانداز کردیا گیا۔ آبپاشی پراجکٹس پر بھاری رقومات خرچ کی گئیں تاکہ کے سی آر خاندان کو کمیشن حاصل ہو۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور دیگر فرقہ پرست طاقتیں ملک کے اتحاد کو ختم کرنا چاہتی ہیں۔ ملک کو بچانے کیلئے راہول گاندھی میدان میں آچکے ہیں۔ شاد نگر کے جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ر