ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی کا انقلاب راجیو گاندھی کا مرہون منت

   

سیکریٹریٹ کے روبرو آنجہانی کے مجسمہ کی نقاب کشائی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔17۔ ستمبر۔(سیاست نیوز) راجیو گاندھی اگر ملک میں انفارمیشن ٹکنالوجی انقلاب نہیں لاتے تو کے ٹی راما راؤ گنٹور میں کہیں اڈلی ‘ وڈہ فروخت کرتے یا سدی پیٹ ریلوے اسٹیشن پر چائے فروخت کرتے وہ کبھی آئی ٹی وزیر نہیں بن پاتے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سیکریٹریٹ کے روبرو راجیو گاندھی کے مجسمہ کی نقاب کشائی تقریب سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے اس ملک کیلئے قربانی دی ہے اور کانگریس حکومت ایک شہید کے مجسمہ کی تنصیب کر رہی ہے لیکن اپوزیشن اس مجسمہ کو یہاں سے ہٹانے کی بات کررہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسی میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ اس مجسمہ کو ہٹاسکے۔ انہو ںنے کہا کہ راجیو گاندھی کے مجسمہ اور انکے نظریات کی حفاظت کیلئے وہ اور کانگریس قائدین و کارکنوں کی فوج کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے سیکریٹریٹ کے روبرو راجیو گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب کے فیصلہ کے بعد ہی بھارت راشٹرسمیتی قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور ان کی جانب سے تلنگانہ تلی کے مجسمہ کے متعلق سوال کیا جانے لگا اور جب کانگریس نے تشکیل تلنگانہ کے 10 سال بعد بھی بی آر ایس حکومت کی جانب سے’تلنگانہ تلی ‘ کا مجسمہ نصب نہ کئے جانے پر سوال کیا تو بی آر ایس قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے 9 ڈسمبر کو سیکریٹریٹ کے احاطہ میں تلنگانہ تلی مجسمہ کی تنصیب اور نقاب کشائی کے اقدامات کئے ہیں اور اس فیصلہ کے بعد بی آر ایس خاموش ہوچکی ہے۔ ریونت ریڈی نے اپنے خطاب میں بی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ وہ مذکورہ مقام پر کے سی آر کے مجسمہ کی تنصیب کا منصوبہ بنائے ہوئے تھی اور خود کے سی آر نے اس جگہ کو اپنے مجسمہ کی تنصیب کیلئے پسند کیا تھا۔ چیف منسٹر نے راجیو گاندھی کے مجسمہ کو ہاتھ لگانے کی کوشش پر بھی بی آر ایس قائدین کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی اس طرح کی کوشش کرتا ہے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے حکومت سے سیکریٹریٹ کے احاطہ میں تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی تنصیب کا تذکرہ کیا اور کہا کہ 9 ڈسمبر کو سیکریٹریٹ کے احاطہ میں تلنگانہ تلی کے مجسمہ کی نقاب کشائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے گاندھی خاندان کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کیلئے اس خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور گاندھی خاندان نے ملک کی ترقی کیلئے جو منصوبہ تیار کیا ہے اور اس پر عمل کے ذریعہ ہندوستان نے ترقی کی ۔ اسی کے مرہون منت ہے کہ ہندوستان بھر میں آج آئی ٹی انڈسٹری انفراسٹرکچر موجودہے اور حکومتیں اسی سے استفادہ کرکے یہ باور کروارہی ہیں کہ انہی کے دوراقتدار میں ہندوستان اور تلنگانہ نے ترقی کی ہے۔3