جئے پور؍ دہلی : صدرکانگریس سونیا گاندھی کو اخبار نیشنل ہیرالڈ کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے بار بار طلب کئے جانے کے تناظر میں چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوت نے آج سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ اس معاملہ میں فوری کوئی فیصلہ کیا جائے اور انہوں نے الزام عائد کیا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے ملک بھر میں دہشت گردی کا ماحول برپا کر رکھا ہے۔ گہلوت دہلی میں کانگریس ہیڈکوارٹرس پر میڈیا کے ساتھ بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ای ڈی دہشت کا ماحول ہے۔ سپریم کورٹ کو ازخود نوٹ لیکر جلد ہی کوئی فیصلہ کرنا چاہئے۔ ای ڈی کے تعلق سے سپریم کورٹ میں سینکڑوں مرافعات زیردوراں ہے۔ ملک میں دہشت کا ماحول برقرار رکھنا قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ درحقیقت ای ڈی کیسوں کا نصف فیصد حصہ ہی کبھی پورا نہیں ہوا اور کوئی سزاء نہیں دی گئی ہے۔ اس طرح کے معاملوں کی کیا حیثیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی ضابطہ فوجداری کے طریقہ کار کی تعمیل نہیں کرتا ہے۔ پوچھ گچھ کا اس کا اپنا طریقہ ہے، وہ گرفتاریاں عمل میں لاتا ہے اور چھاپے مارے جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ بسااوقات جہاں انکم ٹیکس کو ہونا چاہئے وہاں ای ڈی کے عہدیدار پہنچ جاتے ہیں۔ موجودہ طور پر ای ڈی کو عملاً سی بی آئی سے کہیں زیادہ اختیارات حاصل ہوچکے ہیں۔ اس لئے سپریم کورٹ کی مداخلت ضروری ہے۔ چیف منسٹر راجستھان نے کہا کہ ای ڈی کو حکومتوں کو گرانے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ آپ یہ عمل مہاراشٹرا میں دیکھ چکے ہیں۔ حکومتیں ای ڈی کے ذریعہ گرائی جاسکتی ہیں لیکن کابینہ کی تشکیل نہیں کی جاسکتی۔ مہاراشٹرا میں نئی حکومت کو 28 روز ہوچکے مگر کابینہ کی تشکیل باقی ہے۔ صرف چیف منسٹر اور ڈپٹی سی ایم ریاست کے امور چلارہے ہیں۔ پتہ نہیں جمہوریت کس سمت بڑھ رہی ہے۔ گہلوت نے شرح افراط زر اور بیروزگاری کو اصل مسائل قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ روز یہ واویلا کیا گیا کہ کانگریس ای ڈی کی جانب سے سونیا گاندھی سے پوچھ تاچھ پر ہنگامہ برپا کررہی ہے لیکن افراط زر اور بیروزگاری پر خاموش ہے۔ کس نے کہا کہ ہم یہ مسائل نہیں اٹھا رہے ہیں۔ ہم جئے پور میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرچکے ہیں۔ آج پورا ملک دیکھ رہا ہیکہ اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں عوامی مسائل اٹھانے سے روکا جارہا ہے۔
سونیا گاندھی کو پوچھ تاچھ کے بعد تازہ سمن نہیں
نئی دہلی : ای ڈی نے چہارشنبہ کو صدر کانگریس سونیا گاندھی سے اخبار نیشنل ہیرالڈ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں ان کے حلفیہ بیان کے اندراج کے سلسلہ میں لگاتار تیسرے روز زائد از 3 گھنٹے پوچھ گچھ کی۔ عہدیداروں نے کہا کہ سونیا گاندھی کو کوئی تازہ سمن جاری نہیں کیا گیا ہے۔ دریں اثناء دہلی پولیس نے آج کانگریس قائدین بشمول منیش تیواری ایم پی کو حراست میں لیا جبکہ وہ سونیا گاندھی سے ای ڈی کی پوچھ تاچھ کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ ویرپا موئیلی اور دیگر پارٹی قائدین نے اس موقع پر خاموش احتجاج کیا۔