نئی دہلی: ملک کی بیشتر ریاستوں کو شدید گرمی کا سامنا ہے اور اپریل کے مہینے میں ہی درجہ حرارت 46 ڈگری سے اوپر چلا گیا تھا۔ اگلے چند ہفتوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ متوقع ہے، ایسے حالات میں بجلی گھروں پر زیادہ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کا بوجھ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ جبکہ بجلی کی کٹوتی نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان دنوں ملک کی بیشتر ریاستوں کو شدید برقی کٹوتی کا سامنا ہے۔ ملک میں بجلی کی پیداوار پر روس۔یوکرین جنگ کا بھی اثر پڑ رہا ہے، کیونکہ حالیہ دنوں میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ خیال رہے کہ مشرقی اتر پردیش کے باندہ میں اپریل میں درجہ حرارت 47.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ایسے میں مئی اور جون میں شدید ترین گرمی پڑنے کا امکان ہے۔دوسری طرف وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے یورپ کے دورہ سے واپسی کے ساتھ ہی ملک میں شدید گرمی اور مانسون سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی ۔