ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 1.25 لاکھ سے متجاوز

,

   

نئی دہلی،23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں مسلسل دو دن سے عالمی وبا کورونا وائرس انفیکشن کے چھ ہزار سے زیادہ کیس سامنے آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد 1.25 لاکھ کے اعداد و شمار کو پار کرکے 125101 تک پہنچ گئی ہے تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ ملک میں 50 ہزار سے زائد لوگوں نے اس انفیکشن سے نجات بھی پائی۔مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے ہفتہ کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے اب تک کے سب سے زیادہ 6654 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 125101 تک پہنچ گئی۔ ملک میں کل فعال کیسز 69597ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 6088نئے کیسز سامنے آئے تھے ۔ملک میں کووڈوبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 137 افراد کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد 3720ہو گئی۔ جمعہ کے مقابلہ ہفتہ کو مرنے والوں کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے ۔ جمعہ کے اعدادوشمار کے مطابق ایک دن میں کووڈ سے 148افراد کی موت ہوئی تھی۔ انفیکشن کے بڑھتے کیسزکے درمیان اس وبا سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3250 لوگ اس وبا سے آزاد ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہو نے والے لوگوں کی کل تعداد 51784 ہو گئی ہے ۔ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور کل متاثرین کے کیسز میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ یہیں کا ہے ۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 44582ہو گئی ہے اور کل 1517 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 12583لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔