ملک کی کئی ریاستوں میں گرمی کی شدیدلہر

   

نئی دہلی: اپریل کی شروعات کے ساتھ ہی دہلی این سی آر سمیت شمالی ہندوستان میں جہاں گرمی کی شدت میں اضافہ جاری ہے وہیں ملک کی کئی ریاستوں میں گرمی کی شدید لہر چل رہی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کرناٹک، اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں گرمی کی لہر چل سکتی ہے۔ 5 اپریل سے مغربی ہمالیائی علاقہ ایک تازہ موسیمی تبدتیلی سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔ جس کی وجہ سے موسمی سرگرمیوں میں تبدیلی کا دور دیکھا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے دہلی میں 5 اپریل کو ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔پورے ہفتے دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے اسکائی میٹ کے مطابق مغربی ہمالیہ کے علاقے میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران اور اگلے 3 سے 4 دنوں تک ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کی سرگرمیاں جاری رہ سکتی ہیں۔ جبکہ شمال مشرقی ہندوستان میں اگلے 4 سے 5 دنوں تک ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ کیرالا اور جنوبی ٹاملناڈو کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ جبکہ شمالی اندرونی کرناٹک، اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں گرمی کی لہر کے حالات رہیں گے۔ اوڈیشہ کے مختلف حصوں میں رات کا موسم بہت گرم ہو سکتا ہے۔