ملک کے حالات نازک، حقوق مانگنے والے طلبہ پر لاٹھیاں

   

SIR میں ہر ووٹر کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، نرمل میں کانگریس پارٹی کا اجلاس، طاہر بن حمدان کا خطاب
نرمل ۔ 24 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل کے ماروتی ان ہوٹل میں کانگریس پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع کے قد آور قائدین نے SIR کے تعلق سے مقامی قائدین کو یہ کام جلد از جلد مکمل کرلینے اور تمام وارڈس میں بی ایل اوز کو متحرک کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر نرمل کانگریس پارٹی کنوینر جو کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر ایک ہفتہ سے ضلع کے دورہ پر ہیں طاہر بن حمدان صدر نشین اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی نظریں ریاست تلنگانہ پر ٹکی ہوئی ہیں۔ اس ریاست پر حصول اقتدار کا خواب دیکھنے والی اس جماعت کے عزائم کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہمیں SIR کی فہرست میں ہر اہل ووٹر کے نام کی شمولیت کو یقینی بنانے اور کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں کانگریس پارٹی کا ووٹ بینک کافی مضبوط رہے تاہم ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچاتے ہوئے پارٹی کی کارکردگی سے واقف کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات بہت نازک موڑ اختیار کرچکے ہیں۔ طالب علم اپنے جائز حقوق کے لئے جدوجہد کررہے ہیں تو ان پر لاٹھیاں برسائی جارہی ہیں، نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، آج اقتدار کے نشہ میں مغرور مرکزی حکومت نے جمہوریت کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ملک کے قد آور قائد راہول گاندھی کے ساتھ جو رویہ اپنایا ہے اس کو ملک ہی نہیں ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ملک کے وزیر اعظم اگر تعلیم یافتہ ہوتے تو شاید تعلیم یافتہ بچوں پر اس طرح کا ظلم نہیں ہوتا؟ وزیر تعلیم کے استعفی پر نریندر مودی کو آخر اس قدر تکلیف کیوں ہے؟ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ حکومت سوال کرنے والے کو قطعی برداشت نہیں کرسکتی۔ حکومت کو یاد رکھنا ہوگا کہ ظلم کی عمر زیادہ نہیں ہوتی۔ طاہر بن حمدان نے کہا کہ میں یہ بات سینہ ٹھوک کر کہتا ہوں کہ دنیا بدترین ہوتی جارہی ہے۔ بُرے لوگوں کے زیادہ ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ اچھے لوگوں کی خاموشی کی وجہ سے ۔ سیاسی حالات کا ہر گوشہ عوام کی نگاہ میں ہے وہ دنیا کے سامنے آئینہ ہے۔ ذرا سوچئے کہ آنے والی نسلیں آج کے سیاسی حالات کے بارے میں کیا سوچیں گے جہاں طاقت کے بل بوتے پر حق کی آواز کو دبا دیا جارہا ہے۔ شہ نشین پر سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری، کے سری ہری راؤ انچارج حلقہ اسمبلی نرمل، رکن اسمبلی خانہ پور ویڈما بوجو، سابق وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی، ضلع لائبریری چیرمین سید ارجمند علی، زرعی مارکٹ کمیٹی نرمل کے صدر نشین بھیم ریڈی، نائب صدر نشین بلدیہ اے گنیش چکرورتی موجود تھے۔