ملک کے مختلف حصوں میں دو دن گرمی کی لہر

   

کچھ مقامات پر شدید بارش کا بھی امکان
نئی دہلی : محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ ملک کے شمالی اور دوسرے علاقوں میں آئندہ دو دنوں میں گرمی کی لہر ہوگی ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمال مشرقی ہندوستان میںکچھ مقامات پر شدید بارش اور طوفان باد و باران بھی ہوسکتا ہے ۔ یہ صورتحال 9 اپریل تک ہوگی ۔ کہا گیا ہے کہ اوڈیشہ ‘ مغربی بنگال ‘ جھارکھنڈ ‘ ودربھا ‘ شمالی داخلی کرناٹک ‘ ساحلی آندھرا پردیش ‘ ینم ‘ رائلسیما اور تلنگانہ میں آج اور کل شدید گرمی کی لہر ہوگی ۔ محکمہ نے کہا کہ ٹاملناڈو ‘ پڈوچیری ‘ کیرالا ‘ آسام ‘ میگھالیہ ‘ ناگالینڈ ‘ منی پور ‘ تریپورہ ‘ اروناچل پردیش ‘ اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے کچھ حصوں میں خاطر خواہ بارش بھی ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شمالی داخلی کرناٹک ‘ رائلسیما ‘ ساحلی آندھرا پردیش اور یانم میں پہلے ہی گرمی کی لہر شروع ہوچکی ہے ۔ محکمہ نے بتایا کہ یکا دوکا مقامات پر یا وسیع علاقوں میں ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی یا برفباری بھی کچھ مقامات پر ممکن ہے ۔ کہیں طوفان باد و باران بھی ہوسکتا ہے ۔ کچھ مقامات پر گرج چمک کا بھی امکان ہے ۔ مرکز نے ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے کہا ہے کہ وہ گرمی کی شدید لہر سے نمٹنے کیلئے منصوبے بنائیں اور سیاسی سرگرمیوں میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔