ملک کے ٹاپ 4 ریلوے اسٹیشنس میں سکندرآباد کا شاندار مقام

   

1276 کروڑ روپئے کی آمدنی اور 2.78 کروڑ مسافر ، 714 کروڑ کی لاگت سے تعمیری نو کے کام جاری
حیدرآباد ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : جنوبی ہند کے سب سے اہم اور بڑے ریلوے جنکشن سکندرآباد ریلوے اسٹیشن نے ملک بھر میں ایک نیا تاریخ ساز سنگ میل قائم کرلیا ہے ۔ محکمہ ریلوے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین سالانہ پورٹل رپورٹ کے مطابق سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی سالانہ مسافر آمدنی اور مسافروں کی نقل و حرکت دونوں لحاظ سے ہندوستان کے ٹاپ 4 اسٹیشنس میں شامل ہوگیا ہے ۔ ریلوے کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ آمدنی پیدا کرنے والے اسٹیشن کی فہرست میں نئی دہلی پہلے مقام پر ہے ۔ جب کہ اس کے بعد ہاوڑہ اور چینائی بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں ۔ گزشتہ مالیاتی سال کے دوران سکندرآباد ریلوے اسٹیشن نے صرف مسافروں سے 1,276.29 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل کی ہے ۔ اس ایک سال کے عرصے میں تقریبا 2.78 کروڑ شہریوں نے سکندرآباد ریلوے اسٹیشنس سے ملک کے مختلف حصوں کیلئے سفر کیا ہے ۔ حیدرآباد کو ملک کے دیگر میٹرو شہروں جیسے دہلی ، ممبئی ، چینائی ، بنگلورو اور کولکتہ سے جوڑنے میں یہ اسٹیشن شمالی اور جنوبی ریاستوں کے درمیان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی مکمل از سر نو تعمیر اور اسے عالمی معیار کا الٹرا ماڈرن ہب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر کام جاری ہے ۔ اسٹیشن کو ورلڈ کلاس سہولیات سے آراستہ کرنے کیلئے 714 کروڑ روپئے کے میگا پراجکٹ پر تعمیری کام کیا جارہا ہے ۔ جنوبی ہند کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر سریدھر نے بتایا کہ اسٹیشن کی از سر نو ترقیاتی و تعمیری تمام کام آئندہ سال جون میں مکمل کرنے کا حدف مقرر کیا گیا ہے ۔ سریدھر نے وضاحت کی کہ عالمی معیار کے نئے ٹرمنلس کی تعمیر کے بعد سکندرآباد کا یہ ریلوے اسٹیشن مزید ٹرینوں کے لیے پلیٹ فارمس اور مسافروں کے بڑے ہجوم کو سنبھالنے کے قابل ہوجائے گا جس کے بعد اس کے ملک میں تیسرے نمبر پر پہونچنے کی پوری صلاحیت موجود ہے ۔۔ 2/m/b