ملک گیر ایمرجنسی الرٹ ٹسٹ، کروڑوں موبائل فونس پر بجی بیپ

   

مرکزی حکومت کا آفات سے بچاؤ کیلئے بڑا اقدام ،سیل براڈ کاسٹ الرٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ

حیدرآباد ۔ 2 مئی (سیاست نیوز) ملک بھر میں لاکھوں لوگوں کے موبائل فونس اچانک ایک زوردار بیپ اور وائبریشن کے ساتھ بج اٹھے۔ یہ کوئی حقیقی خطرہ نہیں بلکہ مرکزی حکومت اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی (NDMA) کی جانب سے نئے ’’سیل براڈ کاسٹ الرٹ سسٹم‘‘ کی ملک گیر جانچ (Testing) کا حصہ تھا۔ اس جدید ٹیکنالوجی کا باقاعدہ آغاز آج مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور وزیر مواصلات جیوتر ادتیہ سندھیا نے ایک تقریب کے دوران کیا جس کا اہم مقصد سونامی، زلزلہ، آسمانی بجلی گرنے یا صنعتی حادثے (جیسے گیس لکیج) کی صورت میں متاثرہ علاقہ کے تمام لوگوں کو چند سیکنڈس کے اندر براہ راست الرٹ فراہم کرنا ہے۔ یہ سسٹم مکمل طور پر ہندوستان میں تیار کردہ (Indigenous) ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ جسے محکمہ ٹیلی مواصلات اور (NDMA) نے مل کر بنایا ہے۔ یہ الرٹ عام SMS سے مختلف ہے۔ یہ سیل براڈ کاسٹ کے ذریعہ بھیجا جاتا ہے جس کا مطلب ہیکہ یہ ایک مخصوص جغرافیائی علاقے کے تمام موبائل فونس پر بیک وقت پہنچتا ہے۔ چاہے نیٹ ورک کتنا ہی مصروف کیوں نہ ہو۔ یہ پیغامات انگریزی، ہندی اور علاقائی زبانوں بشمول (اردو اور تلگو) میں بھیجے جارہے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہیکہ اگر آپ کے فون پر “Emergency Alert Severe” جیسا پیغام وصول ہوا اور فون زور سے بج رہا ہے تو یہ صرف سسٹم کی جانچ ہے۔ یہ سسٹم مستقبل میں قدرتی آفات و سماوی کے دوران جانی نقصان کو کم کرنے اور لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہونے میں کلیدی رول ادا کرے گا۔H/2