ملک گیر سطح پر تلنگانہ میں تعلیم سب سے زیادہ مہنگی

   

خاتون ڈاکٹرکے قتل پر چیف منسٹر کی خاموشی پر تنقید، نظام آباد میں جلسہ، کانگریس اقلیتی سیل صدر عبداللہ سہیل کا خطاب

نظام آباد :5 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی ایک سیکولر جماعت ہے اور کانگریس کا وجود سیکولرازم پر ٹکا ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار کانگریس پارٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے ریاستی صدر عبداللہ سہیل نے آج نظام آباد میں کانگریس پارٹی کے ایک جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ٹریپل طلاق کے بعد مسلم خواتین کو بے پردہ کرنے کی کوشش کررہی ہے اور اس خصوص میں حکومت کی جانب سے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں حالیہ دنوں میں خاتون ڈاکٹر کا بہیمانہ قتل ہوا تھا۔ اس کے بعد سے چیف منسٹر تلنگانہ ابھی تک کوئی لب کشائی نہیں کی، اس قتل کی واردات کے بعد مجلس کے رکن پارلیمنٹ کی جانب سے کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا ۔ مسٹر عبداللہ سہیل نے کہا کہ تلنگانہ میں تعلیم کو خانگیانہ شعبہ کے حوالے کرتے ہوئے غریبوں کیلئے تعلیم حاصل کرنا مشکل بنادیا گیا۔ ملک گیر سطح پر سب سے زیادہ مہنگی تعلیم تلنگانہ میں ہے اور سب سے زیادہ خانگی اسکولوں کی جانب سے فیس وصول کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ مجاہد آزادی اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابو الکلام آزاد نے ملک کو جو تعلیم کی روشنی دکھائی تھی جس کی وجہ سے سینکڑوں افراد کو فائدہ حاصل ہوا لیکن موجودہ حکومت تعلیم کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ عبداللہ سہیل نے کہا کہ بلدی انتخابات میں عوامی جذبات کا کھلواڑ کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے والے اقتدار پر آنے کے بعد ترقیاتی کاموں کو فراموش کردیا لہذا آئندہ منعقد شدنی انتخابات میں کانگریس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ عبداللہ سہیل نے کہا کہ نظام آباد کے کانگریسی قائدین ہمیشہ سیکولرازم کی بقاء کیلئے مثال پیش کی ہے اس موقع پر سابق ریاستی وزیر پی سدرشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں نظام آباد میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا گیا اور عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے تھے لیکن موجودہ حکومت میڈیکل کالج کی جائیدادوں پر بھرتی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا اور میڈیکل کالج میں کئی جائیدادیں مخلوعہ ہے ۔ تحفظات کی فراہمی کی وجہ سے کئی افراد کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں عوام کی جانب سے تائید کرنے والے امیدواروں کو ٹکٹ دیتے ہوئے ان کی کامیابی کیلئے پارٹی جدوجہد کرے گی ۔ اس موقع پر اربن کانگریس کے انچارج طاہر بن حمدان نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں تعلیم کو فروغ دینے کی غرض سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے لیکن موجودہ حکومت نے تعلیمی شعبہ کو نظر انداز کیا ہے جس کی وجہ سے کئی مدارس بند ہورہے ہیں اور مدارس کو جان بوجھ کر حکومت بند کررہی ہے ۔ اس موقع پر سابق رکن اسمبلی انیل کمار ، ضلع کانگریس کے صدر موہن ریڈی ، پی سی سی سکریٹری مہیش کمار گوڑ ، جی گنگادھر ، ماجد خان ، رام بھوپال کے علاوہ اقلیتی قائدین عبدالکریم ببو ، محمد اعجاز ، محمد عیسیٰ ، حافظ عبدالعلی ،ایم اے حلیم کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔