ملی مسائل کی یکسوئی اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے لائحہ عمل کی تیاری

   


سدی پیٹ میں آج علماء، وکلاء، ڈاکٹرس اور مختلف دانشوروان ملت کی گول میز کانفرنس

سدی پیٹ۔/24 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں حالیہ دنوں میں پیش آئے فرقہ وارانہ واقعات کے بعد مسلمانوں میں اتحاد و انتفاق پیدا کرنے کے علاوہ قومی یکجہتی و ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سدی پیٹ شہر میں ملی کونسل کی تشکیل عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں شہر کی معزز شخصیتوں ، دانشوروں، سماجی و دینی تنظیموں کے علاوہ سرکردہ شخصیتیں جیسے وکلاء، ڈاکٹرس، انجینئرس، علماء کرام، تنظیم المساجد کے عہدیدار، سپریم باڈی ذمہ داران، اتحاد امت کیلئے ایک اجلاس بروز اتوار 25 ستمبر 2022 کو مدینہ فنکشن ہال میں صبح 10-30 بجے اجلاس رکھا گیا ہے۔ یہ اجلاس گول میز کانفرنس پر مشتمل ہے۔ جس میں اتحاد امت کلمہ کی بنیاد پر اتفاق رائے پیدا کرنا، وارانہ ہم آہنگی و یکجہتی کو فروغ دینا ، مسلمانوں میں شعور بیدار کرنا ، فرقہ وارانہ فسادات کی روک تھام کرنا، ملت کے مسائل کی بحسن خوبی یکسوئی انجام دینے کے علاوہ امن وامان کا قیام عمل میں لانے سے متعلق رائے مشورے اور تجاویز حاصل کرنے کے علاوہ ان امور پر غور و خوض کیا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ کچھ عرصہ سے ملک کے مختلف مقامات پر مسلمانوں کو نشانہ بناتے ہوئے جھوٹے الزامات اور مقدمات میں پھنسایا جارہا ہے اور فرقہ واریت کو بڑھاوا دیا جارہا ہے۔ ایسے میں ملک کے مسلمانوں میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ مستقبل کے حالات کو مزید بگڑنے سے بچانے اور مسلمانوں میں خود اعتمادی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے ملی کونسل کا قیام عمل میں لاتے ہوئے اتحاد و اتفاق کے ذریعہ امن وامان کی برقراری ، ملت کے مسائل کی یکسوئی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کیلئے لائحہ عمل کو طئے کرنے کیلئے گول میز کانفرنس میں رائے مشورہ کرتے ہوئے پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔اس ملی کونسل گول میز کانفرنس کا اہتمام ملت کا درد رکھنے والے اصحاب سدی پیٹ نے کیا ہے جس میں سرکردہ شخصیتوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ صحافیوں میں صرف سیاست کے نامہ نگار اور چند تاجرین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔