ممبئی اور چینائی میںآج سبقت کا مقابلہ

   

ممبئی۔ آئی پی ایل میں سب سے زیادہ خطابات جیتنے والی ٹیموں لیکن موجودہ سیزن میں سب سے نیچے موجود ممبئی انڈینس اور چینائی سوپرکنگز کے درمیان جمعرات کو یہاں ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں ہونے والے مقابلے میں دلچسپ ٹکر ہوگی۔ چینائی چھ میں سے صرف ایک جیت کے ساتھ نویں اور ممبئی اپنے تمام چھ میچ ہارنے کے بعد دسویں اور آخری نمبر پر ہے ۔ یہ میچ جیتنے والی ٹیم کی امید برقرار رہے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کا سفر مزید مشکل ہو جائے گا۔آخری میچ میں گجرات ٹائٹنز کے خلاف48 گیندوں پر73 رنز کی اننگ کھیل کر رتوراج گائیکواڈ آخر کار فارم میں واپس آ گئے ہیں۔ آخری بار جب2021 میں وہ ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے تھے تو انہوں نے 58 گیندوں میں 88 رنز بنائے تھے ۔ دوسری جانب ممبئی کے سوریاکمار یادو نے اس سیزن میں اب تک اپنے تمام میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ پہلے چند میچ نہ کھیلنے کے باوجود، انہوں نے اب تک ممبئی کے لیے سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں، جہاں اس کے نام 153.84 کے اسٹرائیک ریٹ سے 200 رنز ہیں ۔