ممبئی میں ڈاکٹر امبیڈکر کے گھر پر حملہ، مشتبہ ملزم گرفتار

,

   

ممبئی: پولیس نے وسطی ممبئی کے دادر میں واقع ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کی قیامگاہ ’راج گرو‘ پر غنڈہ گردی کے شبہ میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی رات پیش آیا جس پر سیاسی قائدین نے سخت مذمت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا ادھوٹھاکرے نے کہا کہ تمام خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے پوتے بھیم راؤ امبیڈکر کی ماٹونگا پولیس اسٹیشن میں درج شکایت کے مطابق غیرشناخت شدہ ملزمین کی تصاویر سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوئی جو بظاہر ذہنی طور پر معذور معلوم ہوتے ہیں۔ بھیم راؤ امبیڈکر نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے پیر کی شام مکان کے قریب مشتبہ شخص کو دیکھا تھا۔ جب انہوں نے اس سے وہاں بلاوجہ گھومنے کی وجہ پوچھی تو وہ غصہ سے انہیں گھور کر چلا گیا۔ منگل کی رات ایک شخص مکان کے احاطہ میں داخل ہوا اور گملوں کو توڑ کو پودوں کو نقصان پہنچایا اور سی سی ٹی وی کیمرہ اور ایک کھڑکی توڑ کر فرار ہوگیا۔