ممبئی : ممبئی کے میرا روڈ کے نیا نگر پولیس اسٹیشن کے باہر 37 سالہ ندیم خان نے اپنی سابقہ بیوی امرین خان کا گلا کاٹ دیا اور خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ انٹیریئر ڈیکوریٹر اور فرنیچر کی دکان کے مالک ندیم نے دو سال قبل اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کی تھی جس کے بعد وہ باندرہ چلی گئی تھی جبکہ ان کے دو بچے، ایک 12 سالہ بیٹی اور دو سالہ بیٹا، میرا روڈ میں اپنے والد کے ساتھ رہ رہے تھے۔ 18 ماہ قبل امرین نے بچوں کی تحویل کے لیے تھانے کورٹ سے رجوع کیا اور عدالت نے بچوں کو اس کے حوالے کرنے کا فیصلہ دیا۔ امرین بچوں کو اپنے ساتھ باندرہ لے جانا چاہتی تھی، لیکن ندیم نے انکار کر دیا۔ چند ہفتہ قبل، امرین نے دوبارہ عدالت سے رجوع کیا اور جج نے حکم دیا کہ وہ پولیس کی حفاظت میں اپنے بچوں کو لے سکتی ہے۔ جمعرات کے روز، امرین نے پولیس کو 7,000 روپے بطور پروٹیکشن چارجز ادا کیے تاکہ اس کے بچوں کو حاصل کرنے میں مدد کی جا سکے۔ لیکن ندیم نے جو باہر اس کا انتظار کررہا تھا، امرین کو روکا اور اس کا چاقو سے گلا کاٹ دیا۔ ندیم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔