ممبئی : 5 منزلہ عمارت میں آتشزدگی، 7 ہلاک

   

ممبئی: مہاراشٹرا کے ممبئی شہر کے آزاد نگر، گورے گاؤں میں ایک عمارت میں زبردست آگ لگنے سے 7 افراد ہلاک اور 39افراد جھلس گئے ہیں۔ زخمیوں کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ حادثے کے حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے، بی ایم سی نے کہا کہ گورے گاؤں میں ایک 5 منزلہ عمارت میں لیول 2 میں آگ لگنے کے بعد 30 سے زیادہ لوگوں کو بچا لیا گیا ہے۔ ریسکیو کیے گئے افراد کو مختلف ہاسپٹلوں میں بھیج دیا گیا۔جمعہ کی علی الصبح 3.05 بجے گورے گاؤں ویسٹ میں آزاد میدان کے قریب واقع جئے بھوانی بلڈنگ میں آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے حکام نے بتایا کہ آگ گراؤنڈ فلور پر موجود دکانوں، اسکریپ میٹریل اور آس پاس کھڑی کئی گاڑیوں تک محدود تھی۔ اسے تین گھنٹے سے زیادہ کے بعد علی الصبح 6.45 بجے کے قریب بجھا دیا گیا۔ کوپر ہاسپٹل کے طبی حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 14 کو مذکورہ ہاسپٹل لے جایا گیا ہے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔