ممتا کے جلسہ عام کا مقصد جمہوریت بچانا

,

   

بی جے پی رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا کا کولکتے کے جلسہ عام پر ردعمل
پٹنہ 20 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی قیادت پر تازہ تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کے ناراض رکن پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے آج کہاکہ کولکتے کا جلسہ عام جس میں وہ شہ نشین پر بہترین اپوزیشن قائدین کے ہمراہ بیٹھے ہوئے تھے، ہندوستانی جمہوریت کو تباہ ہونے سے بچانے کے مقصد سے منعقد کیا گیا تھا۔ اداکار سے سیاستداں بننے والے اور پٹنہ صاحب کے رکن پارلیمنٹ جنھیں پارٹی نے اِس جلسہ عام میں موجود رہنے سے روکا تھا، ’’تانا شاہی‘‘ (آمریت) کے بارے میں بات چیت کررہے تھے جو مودی اور امیت شاہ کی قیادت میں لوک شاہی (جمہوریت) کے خلاف سرگرم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مجھے اِس جلسہ عام پر حیرت نہیں ہوئی۔ اُنھوں نے کہاکہ اٹل ۔ اڈوانی دور کی خصوصیت جس کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے، اِس کے خلاف یہ جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جو پرہجوم تھا۔ جس نے لاکھوں بنگالیوں کو یہ سننے کے لئے یکجا کردیا تھا کہ اپوزیشن قائدین کیا کہتے ہیں۔ وہ اُن کی تائید کرنا چاہتے تھے۔ یہ جلسہ عام فوری یکجہتی کا مظاہرہ تھا جو تبدیلی کے حق میں ہے۔ شتروگھن سنہا نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ اِس جلسہ عام کا اہتمام چیف منسٹر مغربی بنگال و ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے کیا تھا۔ 22 اپوزیشن پارٹیوں کے قائدین متحد ہوکر ایک بڑے جلسہ عام کے لئے ایک ہی شہ نشین پر بیٹھے ہوئے تھے۔ اُنھوں نے اعلان کیاکہ وہ نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لئے متحدہ جدوجہد کریں گے اور یہ حکومت اپنی آخری تاریخ سے بھی آگے آچکی ہے۔