مندروں میں داخلے کیلئےخواتین کے ڈریس کوڈ کا اعلان

   

بھوپال ۔ مدھیہ پردیش کے جبل پور میں ہندو سیوا پریشد نے مندروں میں داخلے کے لیے ڈریس کوڈ کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ اس نئے حکم نامے میں خاص طور پر خواتین کے لباس کے حوالے سے سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ کونسل نے نوراتری تہوارکے دوران مندروں میں بہتر لباس پہننے کے لیے رہنما خطوط مرتب کیے ہیں، جس سے متعلق پوسٹر شہر میں کئی مقامات پر لگائے گئے ہیں۔ اس حکم نامے کے مطابق خواتین اور لڑکیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جینز، ٹی شرٹ، پھٹی ہوئی جینز، ماڈل ڈریس، برمودا، نائٹ ڈریس، منی اسکرٹ اور ہاف پینٹ جیسے کپڑے پہن کر مندروں میں داخل نہ ہوں۔ اس کے بجائے، انہیں روایتی لباس جیسے ساڑھی یا سلوار سوٹ پہننے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ان احکامات کے حق اور مخالفت میں خواتین کے ردعمل سامنے آرہے ہیں ۔