منریگا کے تحت کنالس و پراجیکٹس کی صفائی کے کام انجام دیں

,

   

آبپاشی و پنچایت راج محکمہ کے عہدیداروں کو چیف سکریٹری سومیش کمار کی ہدایت
حیدرآباد 14 جون ( این ایس ایس ) منریگا اسکیم کے تحت انجام دئے جانے والے کاموں کو آبپاشی اور پنچایت راج کے کاموں سے مربوط کرنے کے سلسلہ میںچیف سکریٹری تلنگانہ سومیش کمار نے آج آبپاشی اور پنچایت راج محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس میں کنالس کی صفائی اور فیڈر چینلس کی تعمیر کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ یہ اجلاس بی آر کے بھون ( عارضی سیکریٹریٹ ) میں منعقد ہوا ۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تنخواہ کی نوعیت اور مزدوروں کو مراعات والے کاموں پرآئندہ ایک ماہ تک توجہ کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے نہ صرف مزدوروں کو روزگار حاصل ہوگا بلکہ دیہی علاقوں کے غریب عوام کے ہاتھوں میں نقد رقم بھی آئے گی ۔ ایک سرکاری بیان میں یہ تفصیل بتائی گئی ۔ اجلاس میں عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ایسے کئی کام شروع کریں جن سے گاوں والوں اور کسانوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے ۔ بڑے ‘ اوسط اور چھوٹے پراجیکٹس سے کچرے کی نکاسی کا کام شروع کیا جائے ۔ چیک ڈیمس مے بھی یہ کام فوری شروع کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ کنالس کی مرمت اور فیلڈ چینل کے کام بھی شروع کئے جانے چاہئیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ چیف منسٹر کو اس بات کا کامل یقین ہے کہ محکمہ آبپاشی کی جانب سے یہ کام کئے جائیں گے اور ان کی توقعات کو پورا کیا جائیگا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فیلڈ سطح کے انجینئرس کو ان کے اپنے علاقوں میں شروع کئے جانے والے کاموں کی تفصیل اور اہمیت سے واقف کروانے کیلئے ایک روزہ ویڈیو کانفرنس منعقد کی جائے گی اور پھر ایک ٹریننگ سشن کا بھی اہتمام کیا جائے گا ۔