منشور ’’ ٹکڑے ٹکڑے ذہنیت ‘‘ سے تیار نہیں ہوا : جیٹلی

   

نئی دہلی 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی نے آج کہا کہ بی جے پی کا انتخابی منشور ٹکڑے ٹکڑے ذہنیت کے ساتھ تیار نہیں کیا گیا ہے بلکہ یہ ایک مستحکم قوم پرستانہ ویژن ہے ۔ بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور کے دستاویز ’’ سنکلپ پتر ‘‘ کو آج جاری کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منشور کو حقائق پر تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نئی پالیسی ہے ‘ نیا نظریہ ہے اور اس کے تحت ہم دہشت گردوں کو ان کے مقام پر نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کو دنیا قبول کر رہی ہے ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ بی جے پی دستور ہند کے دفعہ 35A کو ختم کرنے کے عہد کی پابند ہے جس کے تحت جموںو کشمیر کے عوام کو خصوصی حقوق اور مراعات حاصل ہوتے ہیں۔ اس کو ختم کرنے کیلئے پارٹی جدوجہد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دستوری گنجائش مبنی بر امتیاز ہے اور اس سے جموں و کشمیر کے غیر مستقل شہریوں سے ناانصافی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اب ہر شعبہ میں ترقی کر رہا ہے اور تاریخ بنا رہا ہے تو ایسے میں ملک کو ایک کمزور یا ٹکڑے ٹکڑے حکومت کی نہیں بلکہ ایک فیصلہ ساز حکومت کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ بی جے پی یا این ڈی اے ہی فراہم کرسکتے ہیں۔