منشیات تیار کرنے والا ٹھکانہ بے نقاب

   

چار افراد گرفتار ، نارکوٹیک انفورسمنٹ بیورو کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ اسٹیٹ نارکوٹیک انفورسمنٹ بیورو نے ایک اہم کارروائی میں منشیات تیار کرنے والے ٹھکانے کو بے نقاب کردیا ۔ ضلع سنگاریڈی کی جنارم پولیس کے ساتھ کی گئی ایک کارروائی میں نارکوٹیک بیورو نے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 14 کیلو گرام نورڈازپیم ڈرگ کو ضبط کرلیا ۔ تقریبا تین کروڑ روپئے مالیت سے ایک لیاب کو تیار کیا گیا تھا ۔ پولیس نے 40 سالہ یونس عرف جکاراجو ساکن ہتنورہ ، 36 سالہ جی سرینواس گوڑ ساکن گنڈلہ ماچنور 30 سالہ کے نرمل گوڑ ساکن جنارم اور 39 سالہ مانکیا راؤ ساکن اسناپور کو گرفتار کرلیا ۔ یونس عرف جکاراجو سابق میں بھی اس طرح کی ایک کارروائی میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ جیل کی سزا بھی کاٹ چکا ہے ۔ سال 2017 میں جیل کی سزا کاٹنے کے بعد یونس رہا ہوا اور دیگر ساتھیوں کو شامل کرتے ہوئے نشیلی دوا تیار کرنے کا آغاز کیا ۔ ضلع سنگاریڈی کے جنارم منڈل کے مضافات میں اس نے ایک لیاب کو تیار کیا اور تقریبا تین کروڑ کے سرمایہ سے لیاب تیار کی گئی اور اس لیاب میں نورڈازپیم نامی نشیلی دوا تیار کررہے تھے ۔ یونس کو منشیات کی تیاری میں کافی تجربہ ہے اور ڈی آر آئی نے بھی اس کو گرفتار کیا تھا ۔ خفیہ اطلاع پر پولیس نے لیاب پر دھاوا کیا اور اس کو بے نقاب کردیا ۔۔ ع