منشیات کا بڑا ریاکٹ بے نقاب،چار افراد بشمول نائجیرین باشندہ گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے منشیات کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد بشمول نائیجیریائی باشندے کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے کروڑہا روپئے مالیتی کوکین کو ضبط کرلیا ۔ جو براہ گوا شہر منتقل کی جارہی تھی ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد پولیس مسٹر اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ چنتا راکیش روشن ساکن فلم نگر جی سرینواس ریڈی ساکن باچو پلی ایس سوریہ پرکاش ساکن منی کنڈہ اور جوکو وکٹر ساکن گوا متوطن نائجیریا کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ان کے قبضہ سے ایک کروڑ 33 لاکھ روپئے مالیتی 303 گرام کوکین 5 موبائل فون 2 کاریں اور ایک ویٹنگ مشین کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اسپیشل آپریشن ٹیم رائے درگم اور مادھا پور نے ایک اہم کارروائی کو انجام دیتے ہوئے نانک رام گوڑہ میں دھاوا کیا جس کی سرپرستی ڈی سی پی رشید کررہے تھے ۔ پولیس نے دو افراد سوریہ پرکاش اور وکٹر کو حراست میں لیا جس کے بعد تحقیقات کے دوران مزید دو گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں ۔ جب کہ گیبرئیل جو نائجیریا فرار ہوگیا ۔ پولیس اس کی تلاش میں جٹ گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ راکیش ہے جو کاروبار میں نقصان کے بعد گوا گیا اور وہاں پارٹی میں شرکت کے بعد منشیات کی اسمگلنگ کا منصوبہ بنایا اور ایک کے بعد دیگر سرینواس ریڈی ، سوریہ پرکاش کو اپنے ساتھ شامل کرلیا ۔ راکیش وکٹر اور گیبرئیل سے منشیات کی خریداری کرتا تھا ۔ 7 ہزار روپئے فی گرام کوکین کی خریداری کرتے ہوئے 18 ہزار روپئے فی گرام کوکین کو فروخت کیا جارہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ وکٹر کے قبضہ سے کیپسول برآمد کئے گئے ان کیپسول میں منشیات کو رکھا جاتا ہے اور ان کیپسول کو پیٹھ میں چھپا کر ایک ملک سے دوسرے ملک منتقل کیا جاتا ہے ۔ سائبر آباد پولیس نے بتایا کہ اس ٹولی سے کوکین خریداروں کی فہرست بھی پولیس نے حاصل کرلی ہے اور کمشنر پولیس نے بتایا کہ خریداروں کو نوٹسیں جاری کی جائیں گی ۔۔ ع