منشیات کا ریاکٹ بے نقاب، نائیجریائی باشندہ گرفتار

   

کوکین اور دیگر اشیاء ضبط، ٹاسک فورس و یسٹ زون پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) شہر میں منشیات کے ایک اور ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے ایک نائیجریائی باشندہ کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 35 سالہ نائیجریائی باشندہ جان پال اونیوچی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو سید نگر روڈ نمبر 12 میں رہتا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 20 گرام کوکین ،9 سیل فون اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ جان پال سال 2008 میں ہندوستان آیا تھا اور کیرالا میں رہتا تھا۔ سال 2015 میں وہ حیدرآباد منتقل ہوا اور حیدرآباد تا گوا مسلسل سفر کرتا رہتا تھا۔ گوا میں نائیٹ کلبس اور پارٹیوں میں شرکت کے دوران یہ شخص منشیات کا عادی ہوگیا اور اس نے منشیات کی اسمگلنگ بھی شروع کردی۔ سال 2016 میں گوا کے ایک پولیس اسٹیشن میں اسے گرفتار کیا گیا تھا اور وہ تین ماہ کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔ جان پال جواہر نگر یاپرال اور میڑچل کے علاقوں میں بھی قیام پذیر تھا۔ ایل بی نگر پولیس کی ایک کارروائی میںفارنرز اور این ڈی پی ایس ایکٹ کا بھی اس کو سامنا کرنا پڑا۔ گیارہ ماہ کی جیل کی سزا کاٹنے کے بعد جیل سے جون 2018 میں رہائی عمل میں آئی اور اس کے بعد جان پال نے سید نگر کا رخ کیا ۔ ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس نے خفیہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے اس نائیجیریائی باشندہ کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس نے اس گرفتاری پر پولیس عملہ کی ستائش کی۔