سنگاریڈی پولیس شہداء کی یاد میں پروگرام، ایڈیشنل ایس پی کا خطاب
سنگاریڈی۔ 27 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور عوام میں شعور بیدار کرنے کے مقصد سے پولیس فلیگ ڈے ہفتہ تقاریب کے ضمن میں 27 اکتوبر کو سنگاریڈی ضلع آرمڈ پولیس ہیڈکوارٹر میں خون کے عطیہ کا کیمپ اور اوپن ہاؤس پروگرام منعقد کیا گیا۔ ضلع ایس پی پریتوش پنکج، آئی پی ایس کی ہدایت پر منعقدہ ان پروگراموں کی تفصیلات ایڈیشنل ایس پی چیتنیا ریڈی، آئی پی ایس نے بتائیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی نے کہا کہ دورانِ ڈیوٹی اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس شہداء کی یاد میں ہر سال 21 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک مختلف پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ خون کے عطیہ کیمپ میں پولیس افسران، ملازمین، سنگاریڈی شہر کے نوجوانوں اور مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔ اس کیمپ کے ذریعہ جملہ 32 یونٹ خون جمع کیا گیا۔چیتنیا ریڈی نے صحت مند افراد سے اپیل کی کہ وہ خون کا عطیہ دینے کے لیے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ خون کا کوئی مذہب یا ذات نہیں ہوتی اور اسے مصنوعی طور پر تیار کرنا ممکن نہیں، اس لیے خون کے عطیہ کی بڑی اہمیت ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خون کا عطیہ دے کر انسانی جانیں بچانے والے مسیحا بنیں اوپن ہاؤس پروگرام کے تحت سنگاریڈی شہر کے مختلف اسکولوں کے طلبہ کو محکمہ پولیس کے فرائض اور ذمہ داریوں سے واقف کروایا گیا۔ ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں میں بھی اوپن ہاؤس پروگرام منعقد کرتے ہوئے طلبہ کو پولیس کے کام کاج اور مختلف شعبوں کی کارکردگی سے واقف کروایا جارہا ہے۔ اس موقع پر طلبہ نے منشیات کے استعمال سے دور رہنے اور ان کے خاتمے کے لیے ضلع پولیس سے تعاون کرنے کا حلف لیا۔اس پروگرام میں سنگاریڈی ڈی ایس پی ستیا گوڑ، ڈی سی آر بی ڈی ایس پی سرینواس ریڈی، سائبر سیل ڈی ایس پی وینو گوپال ریڈی، اے آر ڈی ایس پی نریندر، انسپکٹرس سدا ناگاراجو، ناگیشور راؤ، ناگیش اور رویندر، پولیس میڈیکل آفیسر ڈاکٹر جیوتی، آر آئیز سریش نائک، راج شیکھر ریڈی، ڈینیل اور سرینواس راؤ کے علاوہ پولیس ملازمین، بلڈ بینک کے نمائندوں راجو اور وجئے اور شہر کے نوجوانوں نے شرکت کی۔