سری نگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ ہمارے سماج میں منشیات کے استعمال نے ایک ناسور کی صورت اختیار کررہاہے اور ہم جتنی جلد یہ بات تسلیم کرکے اس کے خاتمے کے لئے مجموعی طور پر کام شروع کریں اُتنا ہی اچھا ہوگا۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے شیرین باغ میں جموں وکشمیر رورل ڈیولپمنٹ سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمر عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں میں نشیلی ادویات کے استعمال نے پریشان کن صورتحال اختیار کی ہے اور ہم یہ باتیں دبے الفاظ میں کرتے ہیں اور ہم شائد اس لئے منشیات کے بارے میں کھل کر بات نہیں کرتے کہ کہیں ہمارے سماج کی بدنامی نہ ہو۔لیکن حقیقت یہ ہے کہ نشیلی ادویات کا استعمال بہت زیادہ حد تک بڑھ گیا ہے ۔ موجودہ حالات، پڑھائی اور گھریلو پریشانیاں نوجوان نسل کو غلط راستے کی طرف لے جاررہے ہیں جہاں وہ منشیات کا استعمال کرنا سیکھتے ہیں اور یہ سلسلہ دن بہ دن بڑھتا ہی جارہاہے ، جو نوجوانوں کا مستقبل تباہ کررہاہے ۔