منشیات کے خلاف عوامی شعور ضروری۔ خاطیوں کے خلاف سخت کارروائیاں

   

این ڈی پی ایس سے متعلق کتابچہ کی اجرائی، کمشنر پولیس سائبرآباد اسٹیشن رویندرا کا بیان
حیدرآباد۔/6 جولائی، ( سیاست نیوز) منشیات کے خلاف عوام میں شعور بیدار کیا جائیگا اور این ڈی پی ایس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی اور انہیں عمر قید اور سزائے موت کی سزا دلانے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر اسٹیفن رویندرا نے کیا۔ انہوں نے آج کمشنریٹ میں کتابچہ جاری کیا۔ نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹریک سبسٹنیس ایکٹ این ڈی پی ایس کے متعلق کتاب کی رسم اجرائی انجام دی۔ اس کتابچہ کے ذریعہ منشیات کے معاملات کی تحقیقات کرنے والے عہدیداروں کی رہنمائی کی جائے گی۔ گرفتاری کے بعد قانونی کارروائی کیلئے ضروری اقدامات اور طریقہ کار کو اس کتابچہ میں پیش کیا گیا جو تحقیقاتی عہدیداروں کیلئے مددگار ثابت ہوگی۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ کتابچہ کی اجرائی کا اصل مقصد خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے تاکہ وہ کسی بھی قانونی لچک سے آزاد نہ ہوسکیں۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے سماج میں تباہی آرہی ہے اور ان دنوں منشیات کے استعمال میں اضافہ تشویش کا باعث بن گیا ہے۔ سرکاری طور پر سخت اقدامات کے باوجود ایسے واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ منشیات کے استعمال سے نقصانات اور سماج پر اس کے مضر اثرات سے شہریوں کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سخت گیر موقف اورعدالت کے تازہ فیصلوں اور تحقیقات میں معاون اصولوں و ضابطوں کے علاوہ احتیاطی تدابیر کو اس کتابچہ میں پیش کیا گیا ہے جس کے ذریعہ تحقیقاتی عہدیداروں کو تحقیقات اور خاطیوں کو سزا دلانے میں کافی مدد حاصل ہوگی۔ فارنسک سائینس لیاب کی رپورٹس، ملزم کے خلاف کارروائی اور اس دوران تحقیقاتی عہدیدار کیلئے ضروری رہنمائی کو بھی کتابچہ میں پیش کیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ این ڈی پی ایس سیل سائبرآباد کے تعاون سے اس کتابچہ کی تیاری عمل میں لائی گئی ہے۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ع