منڈلوں کی تشکیل سے کاروبار اور ملازمتوں کیلئے بہتر مواقع

   


نارائن پیٹ میں گنڈمال اور کتہ پلی تحصیل دفاتر کا افتتاح ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا خطاب

نارائن پیٹ یکم / ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی وزیر آبکاری ثقافت و سیاحت مسٹر وی سرینواس گوڑ نے نارائن پیٹ ضلع مزید دو منڈلوں کے تحصیل دفاتر کا افتتاح انجام دیا ۔ ضلع میں پہلے گیارہ منڈل تھے ۔ اب دو نئے منڈلوں گنڈما اور کتہ پلی کا اضافہ عمل میں آیا ہے۔ اس طرح اب ضلع میں 13 منڈل ہوں گے ۔ اس موقع پر ان دو مقامات کی افتتاحی تقاریب انجام دی گئی جس میں ریاستی وزیر مسٹر وی سرینواس گوڑ کے علاوہ رکن اسمبلی کوڑنگل نریندر ریڈی رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سی رام موہن ریڈی ، رکن پارلیمنٹ محبوب نگر مسٹر ایم سرینواس ریڈی ، ضلع کلکٹر نارائن پیٹ ، مسٹر کویا سری ہرشا ( آئی اے ایس ) ایڈیشنل ضلع کلکٹر مسٹر میانک متالی ( آئی اے ایس ) نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر مسٹر سرینواس گوڑ نے کہا کہ ماضی میں عوام اپنے اراضی کی رجسٹری کیلئے سب رجسٹرار آفس کے چکر کاٹا کرتے تھے ۔ اب ان کی زرعی اراضیات کی رجسٹری تحصیل دفاتر میں ہی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے منڈلوں کی تشکیل سے اب نارائن پیٹ ضلع کم وقت میں 13 منڈلوں والا ضلع بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منڈلوں کی تشکیل سے کاروبار اور ملازمتوں میں عوام کو مواقع حاصل ہوں گے ۔ اس موقع پر ان منڈلوں میں تحصیل دار دفاتر کے علاوہ منڈل ایجوکیشن دفاتر کا بھی افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ رعیتو بیمہ ، رعیتو بندھو اسکیمات کی فراہمی سے تلنگانہ حکومت ملک میں ایک منفرد ریاست بن گئی ہے ۔ اس موقع پر متعلقہ مواضعات کے سرپنچوں ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی اور دیگر قائدین عہدیدار اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔