منڈل پریشد آفیسر اور پنچایت سکریٹری رشوت لیتے ہوئے گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : کاروبار کی اجازت کے لیے رشوت طلب کرنے والے دو بدعنوان عہدیداروں کو محکمہ انسداد رشوت ستانی نے گرفتار کرلیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق کندکور کے منڈل پریشد آفیسر پی کلیانی اور راچہ لور ولیج پنچایت سکریٹری نریندر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ شکایت گذار شخص مدھوسدن ریڈی کے ذریعہ ان دونوں عہدیداروں نے اینٹ کی فیکٹری کی اجازت کے لیے 5 لاکھ روپئے رشوت کو طلب کیا تھا اور ڈھائی لاکھ روپئے حاصل کرلیے تھے ۔ شکایت کے بعد اے سی بی نے جائزہ لیا اور کندکور منڈل پرجاپریشد آفیس میں کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ ان دونوں عہدیداروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ڈھائی لاکھ روپئے ضبط کرلیے ۔ اے سی بی نے بعد ازاں دونوں عہدیداروں کو اے سی بی کی خصوصی عدالت میں پیش کردیا ۔۔ ع

خرابی صحت سے
دل برداشتہ شخص کی خودکشی
حیدرآباد ۔18۔اکتوبر (سیاست نیوز) خرابی صحت سے تنگ آکر ایک شخص نے زہریلے انجکشن کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرلی ۔ ناگول پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ 29 سالہ جی اجئے جو ناگول کے ایک ہاسپٹل میں بہ حیثیت اٹینڈر کا کام کرتا تھا ۔ سوریہ پیٹ علاقہ کا متوطن بتایا گیا ہے ۔ پو لیس نے بتایا کہ اجئے خرابی صحت سے پریشان تھا۔ 14 اکتوبر کے دن نامعلوم زہریلے انجکشن کا استعمال کرلیا اور علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ ناگول پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ع