منگلورو دھماکہ: ملزم محمد شارق سے پوچھ گچھ ہوگی

   

دکشاکناڈا : نیشنل سیکوریٹی ایجنسی (NIA) نے منگلورو دھماکہ کے سلسلہ میں ایک ایف آئی آر درج کی ہے اور کرناٹک بھر میں پھیلی دہشت گردی کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکنے کے لئے اپنی تحقیقات میں شدت پیدا کردی۔ این آئی اے کے مطابق مرکز کی ہدایت پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اب جبکہ مشتبہ ملزم محمد شارق پوچھ گچھ کئے جانے کے لئے طبی طور پر مکمل فٹ ہے۔ لہذا تحقیقاتی ایجنسی کے بھی اپنے عمل میں شدت پیدا کردی ہے۔ کیرالا میں کی جانے والی تحقیقات توقع ہے کہ دہشت گردی کی جڑوں تک پہنچ جائے گی۔ تحقیقات کے بعد یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جنوبی ہند میں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے جتنے فنڈس کی ضرورت ہوتی ہے اس کے لئے منشیات اور سونے کی اسمگلنگ کی جاتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کئی ہندو نوجوانوں کا قتل، ویر ساورکر کے پوسٹرس لگانے پر چاقو زنی کے واقعات دراصل کرناٹک میں فرقہ وارانہ فسادات برپا کرنے کی سازش ہے۔ فی الحال ملزم محمد شارق جس علاقہ میں کرائے کے مکان میں رہتا ہے اس محلہ میں رہنے والے دیگر لوگوں نے اپنے مکانات خالی کرنے شروع کردیئے ہیں کیونکہ انہیں اس بات کا خوف ہے کہ پولیس پوچھ گچھ کے بہانے انہیں بھی پریشان کرسکتی ہے۔