منیروا ہوٹل میں سانبر چاول کی ڈش میں جھینگر پایا گیا

   

حیدرآباد ۔ 17 جنوری (سیاست نیوز) ٹورازم پلازہ، بیگم پیٹ میں مشہور منیروا ہوٹل میں جمعرات کو دوپہر میں ایک کسٹمر جی ایس رانا کے آرڈر پر سربراہ کئے گئے سانبر رائس میں ایک جھینگر پایا گیا۔ اس کے بعد رانا نے اس سلسلہ میں جی ایچ ایم سی فوڈ سیفٹی آفیسر کے پاس ایک شکایت درج کرتے ہوئے غیرصحتمند طریقے کا الزام عائد کیا اور فوری کارروائی پر زور دیا۔ حیدرآباد کے ساکن رانا نے ان کے دوست سریش کے ہمراہ لنچ اوقات میں اس ہوٹل پہنچ کر سانبر رائس کا آرڈر دیا۔ ڈش میں ایک مرے ہوئے جھینگر کو دیکھ کر انہوں نے ہوٹل مینجمنٹ کو اس کی اطلاع دی جس نے افسوس کا اظہار کیا اور انہیں تیقن دیا کہ اس طرح کے واقعات پھر نہیں ہوں گے۔ اپنی شکایت میں رانا نے کہا کہ ’’یہ واقعہ ناقص حفظان صحت کا مظہر ہے اور اس سے صحت کیلئے خطرہ لاحق ہے۔ میں جی ایچ ایم سی پر زور دیتا ہوں کہ اس کی تحقیقات کرکے اس طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے ضروری اقدامات کرے‘‘۔ جی ایچ یم سی فوڈ سیفٹی ونگ کے عہدیداروں نے اس ہوٹل کا انسپیکشن کیا، غذا کے نمونوں کو اسٹیٹ فوڈ لیباریٹری میں جانچ کرنے کیلئے حاصل کیا اور اس ہوٹل کو شو کاز نوٹس جاری کی۔