امپھال/چندیل، 20 نومبر (یواین آئی) منی پور کے ضلع چندیل میں زہریلی شراب پینے سے 11 افراد کی موت ہوگئی ، جبکہ 200 سے زائد افراد کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے ۔پولیس نے بتایا کہ یہ شراب ضلع کاکچنگ کے علاقہ سگنو سے خریدی گئی تھی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس نے کہا کہ چندیل میں مقامی سطح پر شراب تیار کرنے یا بنانے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق، یہ معاملہ میتھانول کے زہریلے اثرات کا معلوم ہوتا ہے ۔ چیف منسٹر یومنام کھیم چند سنگھ نے امپھال ویسٹ میں واقع شیجا ہاسپٹلس اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ اور امپھال ایسٹ میں واقع ببینا اسپتال کا دورہ کرکے ملاوٹی شراب پینے سے بیمار ہونے والے مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں یہ اموات ہوئی ہیں۔ تمام مریضوں کو ریاستی دارالحکومت لایا گیا ہے ، جہاں مختلف سرکاری اور خانگی اسپتالوں میں ان کا علاج کیا جا رہا ہے ۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ سے بات کرکے مریضوں کے فراہم علاج کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے مریضوں کو یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا کہ معاملے میں ضروری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے حکام کو قصورواروں کی شناخت کے لیے تحقیقات کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ملزمان کو جلد ہی گرفتار کرلیا جائے گا۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک طبی ٹیم اور ضروری ادویات ضلع چندیل روانہ کی گئی ہیں۔ شیجا اسپتال میں 140 سے زائد اور ببینا اسپتال میں 60 سے زیادہ مریضوں کا علاج جاری ہے ۔ چار مریض انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں داخل ہیں، جبکہ ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بھی مزید مریضوں کو لائے جانے کا امکان ہے ۔ تمام متاثرین کا تعلق ضلع چندیل کے مختلف دیہات سے ہے ۔